خبرنامہ پاکستان

سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی: پاکستان نےمعاملہ ورلڈ بینک میں اٹھا دیا

واشنگٹن:(ملت+اے پی پی) پاکستان نے سندھ طاس معاہدے پر بھارت کی جانب سے ممکنہ خلاف ورزیوں کا معاملہ ورلڈ بینک میں اٹھا دیا۔ ورلڈ بینک نے ایک ہفتے میں معاملہ نمٹانے کی یقین دہانی کرادی۔ آبی دہشت گردی پر آمادہ بھارت کا پاکستان کے بیس کروڑ عوام کو پیاسا مارنے کا گھناونا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ کشمیرمیں جاری تحریک آزادی سے پریشان مودی سرکار پاکستان کے عوام پر غصہ اتارنے کیلئے بے قرار ہے، پاکستان نے بھی آبی دہشت گردی کا راستہ روکنے کی پوری تیاری کرلی۔ اس حوالے سے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی زیر قیادت وفد نے ورلڈ بینک کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ پاکستانی وفد میں کمشنر انڈس واٹر کمیشن اور وزارت قانون کے عہدیدار شامل تھے۔ واشنگٹن میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں پاکستان نے بھارتی آبی دہشت گردی کا معاملہ اٹھادیا۔ ملاقات میں پاک بھارت پانی کا تنازعہ نمٹانے کے لیے ثالثی عدالت کے قیام پر گفتگو کی گئی۔ پاکستان کی جانب سے خاص طور پر ہائیڈرو پاور کے بھارتی منصوبوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا، اٹارنی جنرل آفس کے اعلامیے کے مطابق ورلڈ بینک نے آئندہ چند دنوں میں مذکورہ معاملہ نمٹانے کا عندیہ دے دیا ہے۔