خبرنامہ پاکستان

سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو سپر اوور میں شکست دیدی

سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو سپر اوور میں شکست دیدی

لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں آندرے رسل کے آخری گیند پر چھکے کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کی تاریخ کے پہلے سپر اوور میں شکست دے دی۔ شارجہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں چلا گیا جہاں لاہور نے اسلام آباد کو 16 رنز کا ہدف دیا۔ قلندرز کے کپتان برینڈن مکلم اسلام آباد کی جانب سے سپر اوور کروانے والے محمد سمیع کی پہلی گیند باؤنڈری تک پہنچادی تاہم اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اگلی گیند عمر اکمل سے مس ہوگئی جس کے بعد وہ چھکا لگانے میں کامیاب رہے۔ اس کے بعد عمر اکمل نے ایک رن لیا اور اوور کی آخری گیند فخر زمان نے کھیلی جس پر دو رنز ملے۔ جواب میں اسلام آباد کی جانب سے آندرے رسل اور آصف علی بیٹنگ کرنے آئے جبکہ قلندرز کی جانب سے اوور مستفیض الرحمان نے کروایا۔ رسل نے پہلی گیند پر ایک رن لیا جس کے بعد آصف علی نے چھکا لگادیا۔ اگلی بال ڈاٹ بال رہی جس کے بعد وکٹ کیپر دنیش رامدین کی غلطی کی بدولت آصف علی سنگل لینے میں کامیاب رہے اور اسٹرائیک آندرے رسل کے پاس آگئی۔ رسل نے پانچویں گیند پر چوکا اور چھٹی گیند پر شاندار چھکا لگاکر اسلام آباد کے لیے میچ جیت لیا۔لاہور قلندرز کی یہ ٹورنامنٹ میں لگاتار چوتھی شکست تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 122 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جس کے تعاقب میں ایک موقع پر لاہور کی ٹیم مضبوط پوزیشن میں نظر آرہی تھی تاہم اختتامی اوورز میں ایک کے بعد ایک وکٹیں گرنے کے نتیجے میں لاہور کی گرفت میچ پر کمزور ہونے لگی۔ مکلم کے آؤٹ ہونے کے بعد اسلام آباد کی میچ میں زبردست واپسی ہوئی تاہم سلمان ارشاد نے چھکا لگاکر میچ ٹائی کردیا تاہم اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے اور میچ سپر اوور میں چلا گیا جس میں اسلام آباد کی ٹیم کامیاب ہوگئی۔ لاہور کی جانب سے آج عمر اکمل نے اننگز کا آغاز کیا تاہم وہ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور چار رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ عمر نہ صرف سمت پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے بلکہ اپنی ٹیم کا ریویو بھی ضائع کروایا جس کا نقصان فخر زمان کو ہوا جو امپائر کے غلط فیصلے کا شکار بنے۔ اس کے بعد کپتان برینڈن مکلم اور نوجوان بلے باز آغا سلمان کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے قلندرز کی اننگز کو سہارا دیا۔ آغا سلمان نے اپنی 48 رنز کی اننگز میں شاندار اسٹروک کھیل کر متاثر کیا تاہم محمد سمیع کی گیند پر وہ سمت پٹیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دنیش رامدین اور سہیل اختر متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور دونوں چار، چار رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ سنیل نارائن نے اپنی اننگز کا آغاز تیز انداز میں کیا تاہم 9 رنز بناکر وہ آندرے رسل کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز سہیل خان تھے جن کا شاندار کیچ آصف علی نے شاداب خان کی گیند پر پکڑا۔ مکلم لاہور کی اننگز کو اینکر کررہے تھے تاہم وہ اننگز کے مشکل مرحلے پر آؤٹ ہوگئے اور اسلام آباد نے میچ میں واپسی کرلی۔ سلمان ارشاد نے محمد سمیع کے اننگز کے آخری اوور میں چھکا لگادیا تاہم اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے اور میچ ٹائی ہوکر سپر اوور میں چلا گیا جس میں اسلام آباد فاتح رہا۔ یونائیٹد کی جانب سے محمد سمیع اور سمت پٹیل نے تین، تین جبکہ شاداب خان، آندرے رسل اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ایک مشکل وکٹ پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا۔ وکٹ اسپنرز کے لیے انتہائی سازگار تھی جہاں لاہور کے گیندبازوں نے پوری اننگز اسلام آباد کے بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا۔ میچ کا پہلا اوور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے فخر زمان کو دیا اور ان کی یہ چال کام کرگئی۔ فخر زمان نے میچ کی دوسری ہی گیند پر لیوک رونکی کو کلین بولڈ کردیا۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز صاحبزادہ فرحان تھے جو سہیل خان کی گیند پر مڈ آن پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے۔ پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے سلمان ارشاد نے ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنی پہلی ہی گیند پر اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق کو آؤٹ کردیا۔
سلمان ارشاد کو شاہین آفریدی کی جگہ ٹیم میں موقع دیا گیا تھا۔
سمت پٹیل چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے جبکہ آصف علی بھی لیگ اسپنر کی سیدھی گیند سمجھنے میں ناکام رہے اور آؤٹ ہوگئے۔جے پی ڈومنی بھی یاسر شاہ کی گیند کو نہ سمجھ سکے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ہم اشرف اور شاداب خان بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور بالترتیب صفر اور ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ لاہور کی جانب سے یاسر شاہ نے تین اور سہیل خان نے دو جبکہ فخر زمان، مستفیض الرحمان اور سلمان ارشاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
محمد سمیع کو شاندار گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ہفتے کو پی ایس ایل میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ دوسری میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔