خبرنامہ پاکستان

سوات، گاڑی دریا میں گرنے سے 3 افراد ڈوب گئے

ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے علاقہ بوڈی کمر کے مقام پر گاڑی دریائے سوات میں جاگرنے سے تین افراد ڈوب گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

تھانہ بحرین کے محرر گوہر نے بتایا کہ سوزوکی لوڈر نمبر 0493 لائیکوٹ سے پشمال جارہی تھی کہ بوڈئی کمر کے مقام پر خراب سڑک کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور دریائے سوات میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3افراد دریائے سوات کی بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے جن کی شناخت اقبال حسین ولد شیر محمد، سلطان زرین ولد تاج محمد اور عزت گل ولد گل ذادہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واقعہ کی خبر ملتے ہی امدادی کارکنان، علاقہ مکین اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرامدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا لیکن تاحال کامیابی نہیں ملی۔ مقامی لوگوں کے مطابق اقبال حسین کے والد کا چہلم تھا، جس کی اطلاع دینے کے لئے لائیکوٹ سے پشمال جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔

سڑک کی خراب حالت کے باعث گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ چوتھا حادثہ پیش آیا ہے۔ اس واقعہ سے محض دو روز قبل بونیر سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی رامیٹ کے مقام پر دریائے سوات میں گرگئی تھی، جس میں سات افراد جاں بحق ہوچکے تھے جن میں سے ایک کی لاش بھی تاحال نہ مل سکی۔