اسلام آباد(اے پی پی)سپریم کورٹ نے سود کے خاتمے کے لیے دائر نظرثانی درخواست پر معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ہے۔جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار راجہ ارشاد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت آرٹیکل 38 ایف کے تحت اسلام کےمنافی قوانین کو کالعدم قرار دے سکتی ہے،پوری قوم کو ورلڈ بینک اورآئی ایم ایف کا مقروض بنا دیا گیا ہے،عدالت وفاق کو آرٹیکل 38 ایف کے نفاذ کا حکم جاری کرے۔جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ ربا سے متعلق معاملہ فیڈرل شریعت کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے،ربا کن قوانین کے تحت رائج کیاجاتا ہے اسکا اختیار وفاقی شرعی عدالت کو ہے۔ راجہ ارشاد نے دلائل میں کہا کہ شریعت کورٹ کو ایسا اختیار حاصل نہیں۔ عدالت نے یہ کہہ کر کیس خارج کیا تھا کہ معاملہ شریعت کورٹ میں ہے، آئین کے مطابق سود کا جلد از جلد خاتمہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ اہم معاملہ ہے، کیس کو تفصیل سے سننا چاہتے ہیں۔ عدالت نے معاونت کے لئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت مارچ تک ملتوی کردی۔