خبرنامہ پاکستان

سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد کے 19 ہزار لنک بلاک

سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد کے 19 ہزار لنک بلاک
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ملک میں گزشتہ 7 سال کے دوران سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس سے گستاخانہ موادکے 19 ہزار 112لنکس بلاک کیے گئے ہیں جب کہ 2014 میں گستاخانہ مواد کے سب سے زیادہ لنک بلاک کیے گئے جن کی تعداد 10 ہزار 101 تھی۔ 2010 سے لے کر اب تک فیس بک سے گستاخانہ مواد کے 4 ہزار 965 لنک جبکہ ٹویٹر سے370گستاخانہ لنکس بلاک کیے گئے۔ دستاویز کے مطابق گزشتہ 7 سال کے دوران یوٹیوب سے 1855اور سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس سے11 ہزار922 لنک ہٹائے گئے۔ 2010ء کے دوران فیس بک، ٹویٹر ، یوٹیوب اور دیگر ویب سائٹوں سے 913 لنکس،2012ء کے دوران 1705 لنکس، 2013ء میں گستاخانہ مواد والے2 ہزار 832 لنکس جبکہ 2014ء کے دوران سب سے زیادہ 10 ہزار 101 گستاخانہ مواد والے لنکس کو ویب سائٹوں سے ہٹایا گیا۔ایچ ٹی ٹی پی والے غیر محفوظ لنکس ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے بلا ک کیے جاتے ہیں جبکہ ایچ ٹی ٹی پی ایس والے محفوظ لنکس بلاک کرنے اور انھیں ہٹانے کے لیے ویب سائٹ انتظامیہ کو بھجوائے جاتے ہیں۔