خبرنامہ پاکستان

سول ملٹری تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں: وزیراعظم

سول ملٹری تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں: وزیراعظم

ڈیووس:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ سول ملٹری تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈیووس میں پاکستان بریک فاسٹ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہورہی ہے اور ہم جمہوریت سے سیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ملک میں جو کچھ ہورہا ہے وہ آئین اور قانون کے دائرے میں ہورہا ہے، تمام ادارے آئین اور قانون کے دائرے میں کام کررہے ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت ہے۔

……………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…زینب کیس: چالان پیش ہونے پر 7 روز میں فیصلہ سنایا جائے: لاہورہائیکورٹ

لاہور:(ملت آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے زینب قتل کیس میں چالان پیش ہونے کے 7 روز بعد فیصلہ سنانے کے احکامات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی کمسن زینب کے قاتل عمران کو پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیا جس کے بعد اسے لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
زینب قتل کیس کا ملزم عمران 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
ملزم کی گرفتاری پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کیس کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کی درخواست کی تھی جس پر لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے کیس روزانہ چلائے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کا نوٹی فکیشن
جیونیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے زینب قتل کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق زینب کے قتل کے مقدمے میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔ نوٹی فکیشن میں احکامات دیئے گئے ہیں کیس کا چالان پیش ہونے کے بعد 7 روز میں فیصلہ سنایاجائے۔ واضح رہےکہ پنجاب کے ضلع قصور سے اغواء کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔