خبرنامہ پاکستان

سوکھے درخت, میٹرو بس یا مفت علاج اہیے, بلاول کا عجیب بیان سامنے آ گیا

سینیٹ الیکشن

سوکھے درخت, میٹرو بس یا مفت علاج اہیے, بلاول کا عجیب بیان سامنے آ گیا

(ن)لیگ اور پی ٹی آئی نام نہاد جماعتیں، جی ٹی روڈ کی سیاست کر رہی ہیں، عوام کی خدمت اولین ترجیح، ہم دل توڑتے نہیں جوڑتے ہیں، والدہ اور ناناکے مشن کو لیکر چل رہا ہوں عوام27دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں جمع ہو کر جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کو بتا دیں پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں ،حیدرآباد میں تقریب ،گولارچی میں جلسے سے خطاب

حیدرآباد، گولارچی ..پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)اور تحریک انصاف دونوں نام نہاد جماعتیں ہیں جوکہ جی ٹی روڈ کی سیاست کر رہی ہیں۔ مسلم لیگ (ن)کہتی ہے اس نے پنجاب میں میٹرو بس چلائی ، جب کہ پی ٹی آئی کہتی ہے کہ اس نے کے پی کے میں درخت لگائے ہیں، مگر وہ بھی سوکھے ہوئے ہیں، جوعوام کو آج تک نظر نہیں آئے ، اب فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ انہیں میٹرو بس چاہیے ، درخت چاہئیں یا مفت علاج کے لیے اسپتال چاہئیں۔ وہ حیدرآباد کے دورے کے موقع پر لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اسپتال میں NICVD سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر اطلاعات اور وزیر صحت کے علاوہ سندھ کابینہ کے دیگر وزراء نے بھی شرکت کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے ، اسی لیے سندھ بھر میں دل کے امراض کے نئے اسپتال قائم کیے جا رہے ہیں ۔بہت جلد اس طرح کے سینٹر سیہون، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی قائم کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صرف ڈھائی سو سائبر نائف مشین ہیں۔پاکستان میں سب سے پہلے سائبر نائف سندھ میں لائی گئی، پوری دنیا میں سندھ واحد علاقہ جہاں مفت علاج کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم دل توڑتے نہیں دل جوڑتے ہیں، اپنی والدہ اور ناناکے مشن کو لے کر چل رہا ہوں اور اسے پورا کروں گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم پرتنقید تو بہت کی جاتی ہے مگر ہمارے اچھے کاموں کو بھی سراہا جائے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کا نام تبدیل کرکے ایس آئی سی وی ڈی رکھنا چاہتے ہیں۔دنیا میں سب سے زیادہ پرائمری انجیو پلاسٹی کراچی میں ہو رہی ہیں، دنیا کی دوسری پرائمری انجیو پلاسٹی سکھر میں ہوں گی، جام شورو برج چار ماہ میں مکمل کر لیں گے ، ہم اپنا کام شو کیس نہیں کر سکے ، 7جنوری کو سکھر میں دل کے اسپتال کا افتتاح کر دیں گے ۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو کی حیدرآباد سول اسپتال آمد کے موقع پر غریب مریض رل گئے اور انہیں شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ پولیس نے اسپتال کے راستے بھی بند کر دیئے اور تیمارداروں کو بھی وارڈز سے باہر نکال دیا۔ دوسری جانب گولارچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ عوام اس بار 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں جمع ہوکر جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کو بتا دیں کہ عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں اور 2018 ء میں پی پی ایک نئے انداز ،ایک نئے جذبے کے ساتھ عوامی حکومت بنائے گی ۔