خبرنامہ پاکستان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 45000 کی نفسیاتی حد سے گر گیا

کراچی(ملت آن لائن)جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان نمایاں ہے اور ٹریڈنگ کی ابتداء ہی میں پی ایس ایکس انڈیکس 45000 کی نفسیاتی حد سے گر گیا ہے۔

علاوہ ازیں ٹریڈنگ کے آغاز پر پی ایس ایکس 100 انڈیکس بھی بڑی تیزی سے کمی کا شکار ہوا اور صرف چار منٹ کے دوران 1300 پوائنٹس سے محروم ہوگیا جبکہ دوپہر تک یہ کمی 2110 پوائنٹس تک پہنچ چکی تھی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے آج صبح 10 بجے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایکس انڈیکس 44721.89 پر تھا جس میں تبدیلی منفی 1551.92 یعنی منفی 3.35 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اپنے پہلے ایک گھنٹے کے دوران پی ایس ایکس انڈیکس زیادہ سے زیادہ 46273.81 اور کم سے کم 44714.72 پر رہا۔ دوپہر ایک بجے تک مندی کا رجحان پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر غالب رہا اور پی ایس ایکس انڈیکس 44163.29 کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پہلے ایک گھنٹے کے دوران 24 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے بیشتر کی ٹریڈنگ کم قیمت پر ہوئی۔ پی ایس ایکس پہلے ہی ڈالر کی قیمت میں کمی کے معاملے پر مندی کا شکار ہے جبکہ اس کیفیت کو گزشتہ روز جے آئی ٹی رپورٹ نے مزید سنگین بنادیا ہے جس کے نتیجے میں اکثر سرمایہ کار پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج صبح 10 بجے تک حصص کے کاروبار کا حجم 19,822,990 رہا جس کی مجموعی مالیت 1 ارب 60 کروڑ 86 لاکھ 20 ہزار 191 روپے تھی جو دوپہر تک 8 کروڑ 66 لاکھ حصص پر پہنچی جن کی مجموعی مالیت 7 ارب 18 کروڑ 84 لاکھ روپے تھی۔