خبرنامہ پاکستان

سٹیل ملزملازمین کو واجبات کی عدم ادائیگی انتہائی قابل مذمت ہے: عمران

کراچی: (اے پی پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور انکے وزیروں کے مفادات کا تحفظ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے ، غریب ملازمین کے بچے فاقوں مریں حکومت کے خزانے میں انکے لئے کچھ نہیں ۔ ان کا کہنا ہے اسٹیل ملز سمیت تمام کارپوریشنز کے ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں ادا کی جائیں ۔ چیئرمین تحریک انصاف دو روزہ دورے پر آج کراچی جائیں گے ، کراچی میں کسی بھی سرگرمی سے قبل چیئرمین تحریک انصاف واجبات سے محروم اسٹیل ملز ملازمین کے دھرنے میں شریک ہوکر ان سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز ملازمین کو واجبات کی عدم ادائیگی انتہائی قابل مذمت ہے، وزیراعظم اور کابینہ کی عیاشیوں کیلئے خزانہ بھرا ہوا جبکہ غریب ملازمین کی بات آئے تو کہا جاتا ہے کہ فنڈز نہیں ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف اور انکے وزیروں کے مفادات کا تحفظ موجودہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے ۔ غریب ملازمین کے بچے فاقوں مریں حکومت کے خزانے میں انکے لئے کچھ نہیں ۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ عید سے قبل اسٹیل ملز سمیت دیگر سرکاری کارپوریشنز کے ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جائیں ۔ عمران خان چھ ستمبر کو نشتر پارک میں ہونے والے پاکستان زندہ باد جلسے سے خطاب بھی کریں گے ۔