خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ ،سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت ہونے والے امتحانات کالعدم قرار

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سپریم کورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت 2013 سے 2016 تک ہونے والے تمام امتحانات اور انٹرویوز کو کالعدم قرار دے دیا ۔ سپریم کورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن از خود نوٹس کیس کا فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت 2013 سے 2016 تک ہونے والے تمام انٹرویوز کو کالعدم قرار دے دیا گیا ۔ عدالت کی جانب سے جاری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے تحت ہونے والے مسابقتی امتحانات کے نتائج شفاف نہیں تھے لہذا تمام امیدواروں کو دوبارہ امتحانات دینا ہوں گے تاہم امتحان کے لیے لیے گئے اسکریننگ ٹیسٹ کی قانونی حیثیت برقرار رہے گی۔ عدالت کی جانب سے جاری تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے سربراہ کی 2 ہفتے اور اہلیت رکھنے والے کمیشن ممبران کی 4 ہفتے میں تقرری کی جائے۔نئے تحریری مسابقتی امتحانات چیئرمین اور ممبران کے تقرر کے فوری بعد کرائے جائیں اور نئے امتحان میں اسکریننگ ٹیسٹ پاس کرنے والے 2813 امیدوار ہی شرکت کے اہل ہوں گے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پبلک سروس کمیشن اور ممبران کی غیرقانونی تقرری پر ازخود نوٹس لیا تھا جس کے بعد کمیشن کے چیئرمین اور ممبران مستعفی ہوگئے تھے جب کہ تحریری امتحان میں 644 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی جس میں سے 227 امیدوار انٹرویوز میں کامیاب ہوئے تھے۔