اسلام آباد:(اے پی پی)سپریم کورٹ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب پر حکم امتناع جاری کر دیا۔بلدیاتی انتخابات کے قانون سے متعلق سندھ حکومت کی جانب سے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مستردکردی گئی۔ سندھ بلدیاتی انتخابات کےقانون کے خلاف ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے سندھ حکومت کے وکیل کی ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس معاملے کو تفصیل سے سننا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ سندھ حکومت کا فیصلہ بلاجواز ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل نے سندھ حکومت کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا،معاملہ صرف خفیہ رائے شماری کا ہے،سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق نہیں ہو رہا۔ سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سندھ حکومت کے فیصلے میں کوئی بدنیتی نہیں ہے،جسٹس گلزار احمد نے فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ اگر خفیہ رائے شماری ہوتی ہے تو اس پر آپ کے کیا تحفظات ہیں؟ فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت معاملے کو طول دینا چاہتی ہے ۔ جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انداز میں قانون کے مطابق کام کرنے دینا چاہیے ،مقدمے کی مزید سماعت 3 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔