خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے 2 نومبر کے دھرنے کیخلاف درخواست دائر

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) تحریک انصاف کے اسلام آباد میں دو نومبر کے لاک ڈاؤن دھرنے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواستگزار کا کہنا ہے کہ آئین کسی کو اپنے بنیادی حق کے لیے دوسرے کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کا دو نومبر کا دھرنا روکنے کی درخواست طارق اسد ایڈووکیٹ نے دائر کی جس میں وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہر کو بند کرنے سے عام شہریوں کی روزمرہ کی زندگی مفلوج ہو جائے گی ، دھرنے کے باعث امن و امان کی صورتحال بگڑ سکتی ہے ، احتجاج کرنا بنیادی آئینی حق ہے، لیکن آئین کسی کو اپنے بنیادی حق کے لیے دوسرے کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ دو نومبر کے دھرنے کے روکنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ درخواست پر پاناما لیکس کے حوالے سے دائر درخواستوں کے ساتھ ہی سماعت کی جائے۔