خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ نےکسان کھاد سبسڈی کیس کا فیصلہ سنادیا

اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے کسان کھاد سبسڈی پیکج کیس کا فیصلہ سنا دیا ، عدالت نے مقامی خام مال سے کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کو سبسڈی دینے جبکہ درآمد شدہ خام مال سے تیار کھاد کے لیبارٹری ٹیسٹ کروانے کا حکم دے دیا ہے۔پیر کو جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس قاضی فائز عیسٰی پر مشتمل عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ نے کھاد پرسبسڈی دینے سے متعلق کیس پر 27مئی کو فیصلہ محفوظ کیاگیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے سبسڈی دینے سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کھاد تیار کرنے والی مقامی کمپنیوں کو بھی سبسڈی دینے اور ان کی تیار کردہ کھاد کا کیمیکل ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا۔عدالتی حکم میں کہا گیاکہ مقامی خام مال سے کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کو سبسڈی دی جائے اور سبسڈی لینے والی بیرون ملک سے درآمد شدہ خام مال سے کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کی کھاد کے لیبارٹری ٹیسٹ کروائے جائیں۔ واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے بھی مقامی خام مال سے کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کو کسان کھاد سبسڈی پیکج کے تحت مالی معاونت فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔ وفاقی حکومت نے مقامی کمپنیوں کو سبسڈی دینے کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ اپیل دائر کی تھی۔(اح)