خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ نے بادشا کو قانون کے نیچے لانے کے لئے آج پہلا قدم اٹھایا: عمران خان

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آج پہلا قدم سپریم کورٹ نے بادشا کو قانون کے نیچے لانے کے لئے اٹھایا ہے‘ میگنا کارٹا میں بادشاہ کو قانون کے تابع بنایا گیا ‘ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو نوٹس بھیج کر طلب کیا ، اس پر میں خوش ہوں‘ تمام تفتیشی اور تحقیقاتی اداروں کو پانامہ پیپرز سکینڈل پر حرکت میں آنا چاہئے۔ جمعرات کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے بادشاہ کو قانون کے نیچے لے آنے کے لئے آج پہلا قدم اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ میگنا کارٹا میں بادشاہ کو قانون کے تابع بنایا گیا ۔ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو طلب کیا اور نوٹس جاری کردیا ۔اس بات پر خوش ہوں۔ جب یہ کیس شروع ہوگا تو وہ چیزیں سامنے آئیں گی جو چھپائی گئی ہیں۔ اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو سیاسی جماعتوں کا احتجاج کرنا بنیادی حق ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کو خود کو اصولاً پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنا چاہئے تھا لیکن صرف پیشکش کی ۔ نیب‘ ایف بی آر سارے اداروں کو پانامہ لیکس پر سرگرم ہونا چاہئے تھا اور تمام تفتیشی اور تحقیقاتی اداروں کو پانامہ پیپرز سکینڈل پر حرکت میں آنا چاہئے۔ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ انتخابی عذرداریوں سے متعلق درخواستیں سنے۔ جو پیسہ بناتا ہے وہ دھاندلی کرکے الیکشن میں آتا ہے ادارے کمزور ہونے سے کرپشن زیادہ اور مضبوط ہونے سے کم ہوتی ہے۔