اسلام آباد:(آئی این پی )چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں قائم پانچ رُکنی لارجر بینچ نے سانحہ کارساز سے متعلق از خود نوٹس کیس غیر موثر ہونے پر نمٹادیا ۔ 18اکتوبر 2007 کو سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے استقبالی جلوس کے ٹرک کے قریب دو بم دھماکے ہوئے تھے جس میں 200کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔ سپریم کورٹ کے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نےواقعہ کا از خود نوٹس لیاتھا۔ سپریم کورٹ کے نوٹس کے بعد سندھ حکومت نے ریٹائرڈ جج ڈاکٹر غوث محمد کی سربراہی میں ٹریبونل تشکیل دیا تھا۔ اس ٹریبونل میں پولیس افسران نے بیانات ریکارڈ کروائے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے اس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ پیپلز پارٹی نے سانحہ کارساز کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے ٹربیونل کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کیاتھا۔