خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ نے ن لیگی ایم این اے کی رکنیت بحال کردی

اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے نواز لیگ کے رکن قومی اسمبلی سلطان محمود ہنجرہ کی رکنیت بحال کر دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے این اے 176 مظفر گڑھ سے متعلق الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے نواز لیگ کے ایم این اے سلطان محمود ہنجرہ کی رکنیت بحال کر دی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنج بنچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے سلطان محمو د ہنجرہ کی رکنیت بحالی کا حکم سنایا۔ ذرائع کا کہناہے کہ مخالف امیدوارغلام مصطفیٰ کھر نے سلطان محمودکی جیت کانوٹیفکیشن الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھاجس میں ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے اثاثے چھپائے ہیں اور وہ اس حوالے سے صادق اور آمین نہیں رہے, اس کے علاوہ ان پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے 13مرلے کا پلاٹ لینے کا بھی الزام تھا جس پر الیکشن ٹریبونل نے19 جولائی 2014 کو سلطان محمود ہنجرہ کو نااہل قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سلطان محمود ہنجرہ نے 2014 میں الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیاجس کا فیصلہ سنایا دیا گیا ہے ۔سلطان محمود ہنجرہ سال 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ نواز کی ٹکٹ سے کامیاب قرار پائے تھے۔#/s#