خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل تحلیل کردی

سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل تحلیل کردی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کونسل کو تحلیل کردیا۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پی ایم ڈی سی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے پی ایم ڈی سی سے متعلق ایڈووکیٹ سردار لطیف کھوسہ کی طرف سے دائر اپیل منظور کرلی جبکہ پی ایم ڈی سی کے وکیل کی جانب سے کونسل کو کام کرنے دینے سے متعلق اپیل مسترد کردی۔ سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کرنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب عدالت عظمیٰ نے عبوری کمیٹی بھی تشکیل دینے کا حکم دیا، جس کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ شاکر اللہ جان کریں گے۔ عبوری کمیٹی میں اسلام آباد اور چاروں صوبوں سے میڈیکل کالجز کے وائس چانسلرز (وی سی) شامل ہوں گے جبکہ اٹارنی جنرل پاکستان بھی عبوری کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ یہ عبوری کمیٹی پی ایم ڈی سی کے نئے انتخابات کرانے کی ذمہ دار ہوگی۔ گذشتہ روز مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے پنجاب کے تمام میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔ چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ تمام کالجز کا دورہ کیا جائے گا اور معیار پر پورا نہ اترنے والے کالج بند کردیئے جائیں گے۔