خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ نے 16 سال بعد قتل کے ملزم کو بری کر دیا

سپریم کورٹ نے 16 سال بعد قتل کے ملزم کو بری کر دیا
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے 16 سال بعد قتل کے ملزم محمد صادق کو مقدمے سے بری کر دیا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے قتل کے ملزم محمد صادق کی بریت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم محمد صادق پر اوکاڑہ میں 2001 حیدر علی اور تاج بی بی کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ 10 ہزار قرض کی ادائیگی نہ کرنے پہ 2 افراد کوقتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، سرکار کو کیا ہو گیا ہے؟، پولیس نے سچ چھپا کر جھوٹ کی آمیزش سے کہانی بنائی، پولیس آفیسر سچ جانتے ہوئے کہانی بدل دیتےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سچ کے ساتھ جھوٹ ملایا جائے تو سچ خود بخود برباد ہوجاتا ہے، پولیس جان بوجھ کر سچ چھپاتی ہے، جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔ عدالت نے ملزم محمد صادق کی بریت کی درخواست منظور کرلی اور قرار دیا کہ استغاثہ مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا۔