خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ کاحکومت سے مردم شماری کا ٹائم فریم طلب

اسلام آباد: (اے پی پی) سپریم کورٹ نے حکومت سے مردم شماری کرانے کا ٹائم فریم 2 ہفتوں میں طلب کر لیا ہے ، چیف جسٹس کہتے ہیں کاغذی کارروائی سے کوئی دلچسپی نہیں ، حکومت بتائے مردم شماری کروانے میں سنجیدہ بھی ہے یا نہیں ۔ سپریم کورٹ میں مردم شماری نہ کرانے کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ یا دیگر کاغذی کارروائی سے کوئی دلچسپی نہیں ، آئین کتاب کو الماریوں میں سجا کر رکھ دیا گیا ہے ، پہلی دفعہ آئین کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ، کیا وفاقی حکومت 200 سال میں مردم شماری کرانا چاہتی ہے ۔ کیا وفاقی حکومت مردم شماری کرانے میں سنجیدہ ہے؟ عدالت نے مردم شماری کرانے کیلئے حکومت کو دو ہفتوں میں ٹائم فریم دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔