خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ کاوفاقی حکومت اورپیمراسےجواب طلب

سپریم کورٹ:(اے پی پی) سپریم کورٹ نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے میڈیا سیل کے حوالے سے وفاقی حکومت اور پیمرا سے جواب طلب کر لیا ہے ۔ سپریم کورٹ میں میڈیا کمیشن کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل 2رکنی بنچ نے کی ۔ دوران سماعت جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ میڈیا کارکنان کے حقوق کے حوالے سے وفاق نے جواب جمع نہیں کرایا ۔وفاقی حکومت کو اہم مقدمات میں ٹال مٹول سے کام نہیں لینا چاہیے۔ چیئرمین پیمرا نے عدالت کو بتایا کہ سماجی بہبود کے پیغامات نشر کرنے کے لیے تمام چینلز کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ اس پر جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ عدالت کو شرح بتائی جائے کہ کونسا چینل کتنے فیصد سماجی بہبود کے پیغامات نشر کرتا ہے۔ عاصمہ جہانگیر نے عدالت کو بتایا کہ ملک میں میڈیا کو پرائیویٹ سیکٹر، انفارمیشن منسٹری اور آئی ایس پی آر کنٹرول کرتے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی پیسے کا آئی ایس پی آر استعمال کررہا ہے ۔ اس پر عدالت نے کہا کہ وفاق کے بروقت جواب نہ دینے کے باعث عدالت مناسب حکم جاری نہیں کرسکتی ۔کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ۔