خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ کا لڑکی پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کو 17فروری تک گرفتارکرکے پیش کرنے کاحکم

لاہور (ملت + آئی این پی) سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سی سی پی اولاہور کو لڑکی پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کو 17فروری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کاحکم دے دیا۔ جمعہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس سمیت دیگر پولیس افسران عدالت میں پیش ہوئے ۔ سی سی پی او نے عدالت کو بتایاکہ ہما شاہد پر تیزاب پھینکنے والے ملزم عبادالحق کو14سال قید کی سزا سنائی جاچکی ہے جبکہ شریک ملزم عمر فاروق اشتہاری ہے جس کی گرفتاری کے لیے اقدامات کررہے ہیں ۔ملزم چین بھاگ چکا ہے جسے پکڑنے کے لئے مزید وقت درکار ہے ۔ عدالت نے مرکزی ملزم عمر فاروق کو گرفتار نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ فاضل بینچ نے کیس کی مزید سماعت 17فروری تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ عمر فاروق کو ایک ہفتے میں گرفتار کیا جائے۔ سماعت 17فروری تک ملتوی کر دی گئی۔