خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ کے حکم پر عامر لیاقت کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ کے خلاف شکایات کی سماعت ،سفارشات محفوظ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں پیمرا سندھ اور لاہور کی کونسلز آف کمپلینٹس کا مشترکہ اجلاس جمعہ کو پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ سپریم کورٹ نے پیمرا کو بول ٹی وی کے اینکر پرسن عامر لیاقت کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ کے خلاف دیگر صوبوں میں درج شکایات کی مشترکہ سماعت کرنے کے بعد دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا ۔جمعہ کو پیمرا ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے شکایات کونسل کے اجلاس کی صدارت سندھ اور لاہور کی کونسلز کے سربراہان پروفیسر انعام باری اور ڈاکٹر مہدی حسن نے مشترکہ طور پر کی ۔ 10بجے صبح شروع ہونے والی سماعت تقریباً نوگھنٹے تک جاری رہی۔ شکایت کنندگان نے کونسل کے ارکان کو عامر لیاقت کے خلاف اپنے اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ کونسل کے روبرو پیش ہونے والوں میں نجم سیٹھی، طلعت حسین ، شاہزیب خانزادہ، امتیاز عالم، مرتضیٰ سولنگی، عمران اسلم، شاہ رخ حسن، جبران حیدر، سول سوسائٹی کے ارکان ، وکلا ء اور عام شہری شامل تھے۔ بینا سرور نے امریکہ سے سکائپ کے ذریعے اپنی شکایت ریکارڈ کروائی ۔آمنہ عثمان نے آٹھ شکایت کنندگان جن میں سندھ ہیومن رائٹس کمیشن، عمر عرفان ملک، عافیہ سلام، فریحہ عزیز، شجاع الدین قریشی، ناظم حاجی اور نمرا گیلانی شامل ہیں کی نمائندگی کی ۔ محمد حیدر امتیا ز نے بھی آٹھ شکایت کنندگا ن جن میں ندا جاور، طاہرہ بابر، زہرہ عامر، شاہانہ راجنی، سید حیدر علی ظفر، منیزہ احمد، نتاشہ انصر، شایان راجنی شامل ہیں کی شکایات کونسل کے روبرو پیش کیں دیگر شکایت کنندگان میں اسد بیگ، جام آصف ، حسن مصطفی، رابی بن طارق، رافع چودھری، معراج الدین، احمد رضا شاہ، عبداللہ ملک، فیصل اقبال خان، راجہ ایم زبیر، جہانزیب خان، محسن سلیم، محمد سلمان اور خیام قادر شامل تھے۔ عامر لیاقت اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ جس کی سربراہی رضوان عباسی ایڈووکیٹ کررہے تھے کونسل کے سامنے موجود تھے انہوں نے شکایات کے جواب میں اپنا موقف کونسل کے روبرو پیش کیا۔ پیمرا شکایات کونسل نے دونوں طرف کا موقف سننے کے بعد سفارشات کو محفوظ کر لیا ہے۔