خبرنامہ پاکستان

سپیکر اسد قیصر کا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مختلف دفاتر کا دورہ، بجٹ اور اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کے کفایت شعاری کے وژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے جس حد تک ممکن ہو اخراجات کم کئے جائیں جبکہ سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے بجٹ اور اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ پیر کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مختلف دفاترکا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپیکر نے قومی اسمبلی کے افسران کووزیراعظم کے کفایت شعاری کے ویژن پر عمل درآمدکرنے اور سیکرٹریٹ کے اخراجات کو کم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام غیر ضروری اخراجات سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی لائبریری اورشعبہ تحقیق کا بھی دورہ کیا اور افسران کو ہدایات دیں کہ اراکین قومی اسمبلی کو قانون سازی کے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔ اسد قیصر نے کہا کہ لائبریری اور شعبہ تحقیق کسی بھی ملک کی پارلیمان میں اراکین پارلیمنٹ کو قانون سازی میں معاونت فراہم کرنے کے لئے کلیدی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی لائبریری کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ضروری اقدمات اْٹھائے جائیں گے۔ سپیکر نے قومی اسمبلی میں موجود وفاقی وزراء کے چیمبرزکا دورہ اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران نے سپیکر کو قومی اسمبلی کے مختلف شعبوں کے کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔