خبرنامہ پاکستان

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جاپانی پارلیمنٹ میں پاکستان جاپان فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ سشیرو ایٹوکی پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملاقات

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جاپانی پارلیمنٹ میں پاکستان جاپان فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ سشیرو ایٹو نے 6 رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان اور جاپان قریبی تعلقات اور باہمی تجارت سمیت اہم شعبوں میں اپنے روابط کو فروغ دینے میں کوشاں ہیں ۔دونوں ملکوں کے فرینڈ شپ گروپ جلد فعال کیا جائے گا تاکہ باہمی پارلیمانی روابط کو فروغ دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری اورعوامی سطح پر قریبی رابط کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے اور جاپان اس پالیسی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ سشیرو ایٹو نے اسد قیصر کو سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوستی گروپ کو مزید فعال کرنے کے لئے دونوں ممالک کو اپنے تعلقات میں وسعت لانا ہو گی۔ معاشی، اقتصادی ترقی کے فروغ کے لئے جاپان پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان میں تعلیم اور توانائی سمیت دیگر تمام شعبوں میں اپنے ہر ممکن تعاون میں اضافہ کرے گا۔