خبرنامہ پاکستان

سیاستدان طوطا فال نکالتے رہیں، آئندہ بھی حکومت ہماری ہوگی: وزیراعظم

لاہور: (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کا کالا شاہ کاکو میں ایسٹرن بائی پاس منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پچھلے 3 برس میں کئے گئے اقدامات کے نتائج آنے لگے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ملک بھر میں تیزی سے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں۔ ملک بھر میں 40 نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ آج دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ترقی کی یہی رفتار رہی تو ملک سے بہت جلد بیروزگاری کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ہم پورے ملک کا مفاد اور ترقی کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والا ایک سیاستدان گزشتہ ساڑھے تین سال سے ہمارے جانے کی باتیں کر رہا ہے۔ میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ ٹیلی وژن پر بیٹھ کر طوطا فال نکالتے رہیں۔ ہماری کارکردگی کی وجہ سے انشااللہ آئندہ بھی ہمیں کامیابی ہوگی۔ یہ سیاستدان شاید اگلے الیکشن میں اپنی سیٹ بھی جیت نہ پائے۔ پنڈی کے سیاستدان کو آئندہ ایم این اے بننے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سمجھدار بندے کا ہاتھ عوام کی نبض پر ہوتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ عوام ملک میں دھرنوں کی سیاست نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔