خبرنامہ پاکستان

سیاست دانوں کےگوشوارےالیکشن کمیشن سے درخواست

لاہور(آئی این پی) سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے اراکین پارلیمنٹ کے کاغذات نامزدگی ، اثاثوں اور گوشواروں کی تفصیلات دوبارہ ویب سائٹ پر بحال نہ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔ یہ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاست دانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ویب سائٹ سے ان کے کاغذات نامزدگی ، اثاثوں اور گوشواروں کی تفصیلات غائب کر دی ہیں جس سے اراکین پارلیمنٹ کو فائدہ پہنچایا گیا ۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود اراکین اسمبلی سے متعلق تمام تر تفصیلات کو ویب سائٹ پر جزوی بحال کیا گیا جو کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات نظر انداز کرنے پر الیکشن کمیشن کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے بھی احکامات صادر کئے جائیں ۔