خبرنامہ پاکستان

سیاست کو سازش کے تحت نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی: رضا ربانی

اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز اسلام آباد میں جشن آزادی کی 70 سالہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ قائد اعظمؒ کے چودہ نکات میں سے چار نکات کا تعلق صوبائی خود مختاری سے ہے۔ پاکستان کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ سیاست اور پارلیمنٹ کو سازش کے تحت نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ کھیل بہت کھیل لئے گئے، اب فیصلے کا وقت آ گیا ہے، ملک اداروں کے درمیان تصادم کا متحمل نہیں، ہر ادارہ آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نصاب کی کتابوں میں غلط تاریخ رقم کی گئی ہے۔ تاریخ کے وہ حصے جن کا عوام اور جمہوریت کی جدوجہد سے تعلق ہے وہ حصے نصاب میں موجود ہی نہیں ہیں۔ چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ سیاستدانوں، سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ آج وفاق اندرونی اور بیرونی طور پر ایسے دوراہے پر کھڑا ہے، جہاں ہمیں اپنے بنیادی فیصلے کرنا ہوں گے۔ بہت وقت گزر گیا، بہت تجربے ہو گئے، اب فیصلے کا وقت آ گیا ہے۔ اب پاکستان اداروں کے درمیان تصادم کا متحمل نہیں ہے۔ ہر ادارہ اپنے آئینی حدود کے اندہ رہ کر اپنا کردار ادا کرے۔ رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے جس طرح دہشت گردی کا مقابلہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔