خبرنامہ پاکستان

سیاسی جماعتوں میں عدم اتفاق پر نگران حکومت مسلط کر دی جائے گی: جاوید ہاشمی

سیاسی جماعتوں میں عدم اتفاق پر نگران حکومت مسلط کر دی جائے گی: جاوید ہاشمی

ملتان:(ملت آن لائن) سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو نیب سے انصاف ملنے کی کوئی امید نظر نہیں آرہی، سیاسی جماعتوں میں عدم اتفاق پر نگران حکومت مسلط کر دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کی مسلم لیگ (ن) کے لیے بڑی قربانیاں ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا، البتہ میں نواز شریف کو نیب سے انصاف ملتا ہوا نہیں دیکھتا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 39 ویں برسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بھٹو کو ایٹمی پروگرام کی سزا دی گئی، جب ایٹمی منصوبے کی بنیاد رکھی جارہی تھی تو انہوں نے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا۔

نوازشریف جو قربانی دے رہے ہیں،وہ عمران خان بھی نہیں دے سکتے، جاوید ہاشمی
انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم تمام صوبوں کے متفقہ رائے سے کی گئی، اگر مذکورہ ترمیم کو ختم کیا گیا تو ملک کے ساتھ بڑی زیادتی ہوگی، ملک میں جمہویت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ عالمی منظر نامے پر تبصرہ کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ امریکا ہمارے درمیان تفرقہ پیدا کر رہا ہے، ملک کو اس وقت سیاسی عدم استحکام سے بچانا ہوگا، پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو ایک ہوکر کام کرنا ہوگا۔

ستر سال کی تاریخ میں سپریم کورٹ نے آئین کی توہین کی: جاوید ہاشمی
خیال رہے کہ ماضی میں جاوید ہاشمی ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، البتہ دھرنے کے موقع پر جب پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا، وہ عمران خان سے الگ ہوگئے، جس کے بعد انھوں نے ایک سنسنی خیز پریس کانفرنس کی تھی، جس میں دھرنے اور عمران خان پر اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔ ان الزامات کا ن لیگ کی جانب سے خیرمقدم کرتے ہوئے انھیں جاوید ہاشمی کی اصول پسندی قرار دیا تھا۔