خبرنامہ پاکستان

سیاسی جماعتیں قومیتوں کی بنیاد پرسیاست سے گریز کریں، جاوید ہاشمی

ملتان (ملت + آئی این پی) سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں قومیتوں کی بنیاد پرسیاست سے گریز کریں،پاکستان سب کا ہے ،پختون ،پنجابی،سرائیکی،سندھی،بلوچی کی کوئی تفریق نہیں ہے۔سب محب وطن اور آپس میں بھائی بھائی ہیں ،پاکستان کے سکیورٹی ادارے ملک بھر میں دہشت گردوں کیخلاف بلاتفریق آپریشن کررہے ہیں جوکہ احسن اقدام ہے ،پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوناپاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی طرف بڑاقدم ہے ،وہ خبررساں ادارے آئی این پی سے بات چیت کررہے تھے ،جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ پختون ہمارے بھائی ہیں اور ملک کے ہرحصے میں رہتے ہیں ،پاکستان سب کا ملک ہے ،دریں اثناء مقامی این جی او کے زیراہتمام سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ سی پیک ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا مگر ہمیں خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جو موجودہ صورتحال درپیش ہے یہ پاکستان کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دراصل ہمارے حکمران خراب ہیں حالات خراب نہیں ہیں۔ ہم اداروں کو اہمیت نہیں دیتے۔ سیاست میں دھڑے بندی نہیں ہونی چاہیے۔ یہاں فرد کی نہیں انصاف کی حکومت ہونی چاہیے۔ ہمیں حالات سکھا رہے ہیں کہ ہمیں کونسا راستہ اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو سیاست نے ہی چلانا ہے۔ ہمیں اپنے طرز عمل میں اور آئینی معاملات میں تبدیلی لانا ہوگی۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی بہت بڑا المیہ تھی۔ 1965 کی جنگ میں پاکستانیوں میں ایک جذبہ تھا میں نے بھی اپنے سکالرشپ کے پیسے دفاعی فنڈ میں جمع کروا دیے تھے۔ یہ قوم غلط نہیں ہے کوئی بھی یہاں احتساب نہیں چاہتا۔ صحیح عدالتی نظام ہماری ضرورت ہے اگر کسی کو سزا ہوتی ہے تو ہوجائے ہم اپنے آپ کو اپنے ہی حوالوں سے دیکھنے کے عادی بن رہے ہیں۔ ہم نے انہیں فارغ کردیا جنہوں نے مسلم لیگ بنائی تھی۔ اس وقت معیشت کا رخ مشرق کی جانب ہے۔ اس موقع پر اعظم خان خاکوانی، سلیم بخاری، امیر اللہ شیخ ودیگر بھی موجودتھے۔