خبرنامہ پاکستان

سیاسی مخالفین شوکت خانم پر الزامات نہ لگائیں، عمران خان

سیاسی مخالفین شوکت خانم پر الزامات نہ لگائیں، عمران خان
لاہور(ملت آن لائن)چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ عام آدمی کو دی جانے والی سہولتوں کو سیاسی بنایا جارہا ہے لہٰذا سیاسی مخالفین شوکت خانم پر الزامات نہ لگائیں۔

لاہور میں سوشل ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی صحت کے لیے دعاگو ہیں لیکن وہ بھی بیرون ملک علاج کرانے گئی ہیں، اور کتنے پاکستانی کینسر کا علاج بیرون ملک کراتے ہیں جو انتہائی مہنگا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ایسی سہولت کے لیے اسپتال نہیں بنائے، کینسر کے علاج کے لیے متبادل ادارے نہیں بنائے گئے، حکومت کے وزیر بار بار اسپتال پر تنقید کرتے ہیں لہٰذا سیاسی مخالفین شوکت خانم پر الزامات نہ لگائیں کیونکہ حکومت الزام نہیں لگاتی ایکشن لیتی ہے، اگر کوئی مسئلہ ہے تو تحقیقات کی جائیں۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو جو سہولت فراہم کی جارہی ہے اسے سیاسی بنایا جارہا ہے، ایل ڈی اے اسپتال کے کام میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، یہ خیراتی اسپتال ہے کوئی شوگر مل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں اس طرح کی حرکتیں کرنے والے عوام دشمن اور مافیا ہیں، حکومت میں لوگوں کی خدمت کرنے والوں کو سہولتیں دینی چاہئیں نہ کہ ان کے کاموں میں رکاوٹیں ڈالی جائیں۔