خبرنامہ پاکستان

سینئرسیاستدان معراج محمد خان انتقال کرگئے

کراچی: (آئی این پی) سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر معراج محمد خان انتقال کرگئے ، ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ کراچی ڈی ایچ اے سلطان مسجد میں ادا کی جائے گی ۔ سیاستدانوں اور اہم شخصیات نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ معراج محمد خان کے انتقال پر محنت کش طبقات اور ترقی پسند حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ۔ وہ طویل عرصے سے سانس کی بیماری میں مبتلا تھے ، ان کی عمر 77 برس تھی ۔ معراج محمد خان کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ کراچی ڈی ایچ اے سلطان مسجد میں ادا کی جائے گی ۔ اہم شخصیات نے سینئر سیاستدان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ معراج محمد خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ معراج محمد خان نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کے لئے کوششیں کیں ۔ معراج محمد خان 20 اکتوبر 1938 کو اتر پردیش کے شہر فرخ آباد میں پیدا ہوئے ۔ مرحوم سوشلسٹ دانشور اور فلسفی کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔ وہ پیپلز پارٹی کے بانی رکن تھے ، ان کا شمار ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا اور بیس دسمبر انیس سو اکہتر سے لیکر تیرہ اگست انیس سو تہتر تک وفاقی وزیر لیبر اینڈ مین پاور رہے ۔