خبرنامہ پاکستان

پیپلپزپارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر انتقال کر گئے

لاہور … لاہورکی تاریخ کا ایک سیاسی باب بند ہوگیا ، پیپلز پارٹی کے سینئررہنما جہانگیر بدر 72سال کی عمر میں انتقال کر گئے ، وہ دل اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے ، ان کی نماز جنازہ آج چار بجے پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی ۔ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے جہانگیر بدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر لاہور کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔ جہانگیر بدر کو 2 روز قبل سینے میں درد کے باعث ہسپتال لایا گیا جہاں وہ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ۔ جہانگیر بدر دل اور گردے کے مرض میں مبتلا تھے ۔ ان کے انتقال کے بعد پیپلز پارٹی کے اراکین کی بڑی تعداد ان کے گھر پہنچ گئی ، جہانگیر بدر کے انتقال پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ، سابق صدر آصف زرداری ، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور دیگر جماعتوں کے رہنمائوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ا پنے ٹوئٹ میں جہانگیر بدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ۔ جہانگیر بدر پچیس اکتوبر انیس سو چوالیس کو لاہور میں پیدا ہوئے ، پنجاب یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ، وہ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر بھی رہے ۔ انیس سو چورانوے اور دو ہزار نو میں سینیٹر بھی منتخب ہوئے ۔ بینظیر بھٹو کے پہلے دور حکومت میں وفاقی وزیر بھی رہے ۔