خبرنامہ پاکستان

سینیٹر طاہرمشہدی کا ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں سے لاتعلقی کا اعلان

سینیٹر طاہرمشہدی

سینیٹر طاہرمشہدی کا ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں سے لاتعلقی کا اعلان

کراچی:(ملت آن لائن) سینیٹر طاہر مشہدی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے دونوں گروپوں سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا۔ طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے حالیہ طرز عمل سے پارٹی کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو ‘نا لائق’ قرار دیتے ہوئے طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ اس قیادت کا کوئی ویژن نہیں۔ طاہر مشہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی آپس کی لڑائیوں نے پارٹی کو تباہ کردیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو ایم کیو ایم پاکستان آئندہ الیکشن ہار جائے گی ۔
ایم کیو ایم پاکستان کا تنظیمی بحران
گذشتہ ماہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کا نام سینیٹ امیدوار کے طور پر سامنے آنے پر پارٹی میں اختلافات نے سر اٹھایا جو بحران کی صورت میں تبدیل ہوگیا اور جس کا اب تک کوئی حل نکالا نہیں جاسکا۔ رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کی رکنیت معطل کی تو فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو معطل کردیا اور اس طرح ایم کیو ایم پاکستان دو دھڑوں یعنی پی آئی بی گروپ اور بہادرآباد گروپ میں تبدیل ہوگئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں میں مذاکرات ایک بار پھر بے نتیجہ ختم
بعدازاں سینیٹ انتخابات کے لیے فاروق ستار گروپ اور بہادرآباد گروپ کی جانب سے الگ الگ کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ اسی دوران رابطہ کمیٹی نے پارٹی سربراہ فاروق ستار کو قیادت سے نکال دیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھا گیا جسے بعدازاں واپس لے لیا گیا۔ قیادت کی اس جنگ میں فاروق ستار کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کیا گیا جسے رابطہ کمیٹی دھڑے نے ماننے سے انکار کردیا۔ بعدازاں پی آئی بی گروپ نے انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد فاروق ستار کو کنوینر منتخب کرلیا۔ آخرکار 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن سے محض ایک روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں میں الیکشن کے حوالے سے معاملات طے پا گئے لیکن ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ سے صرف فروغ نسیم ہی سینیٹ نشست جیت پائے۔ تاہم دونوں دھڑوں کے اختلافات اب بھی برقرار ہیں اور کوئی نتیجہ سامنے نہیں آسکا ہے۔