خبرنامہ پاکستان

سینیٹ اجلاس؛ بابر اعوان کا احتجاجاً واک آؤٹ

اہلیت بذریعہ نااہلی

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) ایوان بالا کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے گزر جانے والے سوال پر ضمنی سوال کرنے کی اجازت نہ دینے پر اجلاس کے صدر نشین مولانا عبدالغفور حیدری کے خلاف احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر بابر ڈاکٹر بابر اعوان نے گزر جانے والے سوال پر ضمنی سوال کرنے کی اجازت طلب کی ۔ چیئرمین کے بار بار منع کرنے کے باوجود وہ بغیر مائیک کے بولتے رہے اور کہا کہ پبلک انٹرسٹ پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہ طریقہ کار غلط ہے اور پارلیمانی روایات کے خلاف ہے جس پر انہوں نے الزام عائد کیا کہ میرا طریقہ غلط نہیں آپ کی مفاہمت غلط ہے‘ آپ حکومت کے اتحادی ہوکر ریفری کی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ چیئرمین نے انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں دی جس پر وہ احتجاجاً واک آؤٹ کرگئے۔ چیئرمین نے وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کو ہدایت کی کہ انہیں منا کر ایوان میں لائیں۔ بعد ازاں ایوان میں آنے کے بعد چیئرمین نے انہیں سوال کرنے کی اجازت دیدی۔ سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے غیر متعلقہ سوال کیا جس پر وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے بتایا کہ شاید سینیٹر قواعد بھول چکے ہیں۔ انہوں نے غیر متعلقہ سوال کئے ہیں۔ (اے ع)