خبرنامہ پاکستان

سینیٹ الیکشن؛ انوار الحق اور صادق سنجرانی ہمارے امیدوار ہیں، وزیراعلی بلوچستان

سینیٹ الیکشن؛ انوار

سینیٹ الیکشن؛ انوار الحق اور صادق سنجرانی ہمارے امیدوار ہیں، وزیراعلی بلوچستان

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے سے نومنتخب سینیٹرز انوار الحق اور صادق سنجرانی ہمارے چئیرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں۔ اسلام آباد میں وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے نومنتخب سینیٹر انوار الحق کاکڑ، ساجد سنجرانی، وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک، فواد چوہدری، جہانگیر ترین اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے شرکت کی۔ سیاسی رہنماؤں نے چیئرمین سینیٹ کیلئے بلوچستان کے امیدوار پر غور کیا۔
عمران خان کا اپنی سینیٹ نشستیں وزیراعلیٰ بلوچستان کو دینے کا اعلان
بعدازاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیرمین عمران خان نے کہا کہ ہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ ن لیگ کا امیدوار چیئرمین سینیٹ بنے، ہمیں آج وزیر اعلی بلوچستان نے اپنے پینل کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے ، پی ٹی آئی کے سینیٹرز بلوچستان سے ان کے پینل کو ووٹ دیں گے، پہلی بار بلوچستان سے چئیرمین سینیٹ بنے گا، ہماری کوشش ہے کہ فاٹا سے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ آئے۔ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہم فاٹا ارکان اور دیگر جماعتوں سے بھی حمایت کے لیے ملاقات کریں گے، ہم پینل دیں گے، عمران خان سے درخواست ہے کہ اس پینل کی حمایت کریں اور ہمارے فیصلے میں ہمارا ساتھ دیں، چیرمین شپ لینی ہے تو ہمیں ڈپٹی چیرمین دینا پڑے گا، پی ٹی آئی اور عمران خان کی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں، ہم اب اس پوزیشن میں ہیں کہ پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں سے بات کرنے میں کامیاب ہوجائیں، پیپلز پارٹی نے بھی بلوچستان سے چئیرمین سینیٹ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، پی پی پی زیادہ سیٹوں کے ساتھ مضبوط امیدوار تھی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی سینیٹ کی 13 نشستیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہیے۔