خبرنامہ پاکستان

سینیٹ الیکشن: مسلم لیگ نون کے امیدوار فائنل، ڈار پھر سینیٹر بننے کو تیار

سینیٹ الیکشن: مسلم لیگ نون کے امیدوار فائنل، ڈار پھر سینیٹر بننے کو تیار

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری دن ہے۔ پیپلز پارٹی تمام نشستوں پر امیدوار لے آئی ہے۔ نون لیگ نے مشاہد حسین، نزہت صادق اور کامران مائیکل کو ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں۔
نزہت صادق، کامران مائیکل، آصف کرمانی اور اسحاق ڈار ایک بار پھر سینیٹر بننے کو تیار ہیں۔ جب کہ وزیر اعظم کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی بھی مسلم لیگ نون کی امیدوار ہوں گی۔ ق سے ن لیگ میں آتے ہی مشاہد حسین سید کے رکن سینیٹ بننے کی راہ بھی جادوئی طور پر ہموار ہو گئی ہے۔

پنجاب سے مسلم لیگ نون کے امیدواروں میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی مصدق ملک اور ہارون اختر، مسلم لیگ نون برطانیہ کے صدر زبیر گل، سابق آئی جی سندھ رانا مقبول، فاروق خان اور شاہین بٹ شامل ہیں۔ لغاریوں کو شکست دے کر رکن قومی اسمبلی بننے والے وفاقی وزیر مواصلات حافط عبد الکریم کو سینیٹ کا ٹکٹ دے کر آئندہ عام انتخابات سے باہر کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد سے مشاہد حسین کے علاوہ سابق وزیر اعظم محمد خان جونیجو کے صاحبزادے اسد جونیجو حکمران جماعت کے امیدوار ہوں گے۔ خیبر پختونخوا سے پیر صابر شاہ، میر افضل مندوخیل کو بلوچستان اور بابو سرفراز جتوئی کو سندھ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔