خبرنامہ پاکستان

سینیٹ الیکشن میں اراکین اسمبلی کی مارکیٹ سجے گی، سراج الحق

سینیٹ الیکشن میں اراکین اسمبلی کی مارکیٹ سجے گی، سراج الحق

لاہور:(ملت آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اپنے الیکٹورل ووٹ بینک سے زیادہ امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹس دینے والی سیاسی جماعتیں ہارس ٹریڈنگ کا ارادہ رکھتی ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر تحریر کردہ اپنے ایک پیغام میں کیا، امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے چیف جسٹس از خود نوٹس لیں اور اس گھمبیر ہوتی صورت حال کو قابو میں کریں. انہوں نے مزید کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں نے اپنے الیکٹورل بینچ سے زیادہ امیدوار کھڑے کیے ہیں جس سے لگتا ہے کہ ایسی جماعتیں اراکین اسمبلی کو خرید کر کے اپنے امیدواروں کو کامیابی دلوائیں گے جو کہ جمہوری اقدار کے منافی عمل ہے. امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیسے دے کر سینیٹ کے رکن منتخب ہونے والےعوام کے لیے قانون سازی کے بجائے اپنے آقاؤں کی خوشنودی کے لیے کام کریں گے جس سے ایوان بالا کا مجروح ہوگا اور لوگوں کا جمہوریت سے اعتبار اُٹھ جائے گا. سراج الحق کا کہنا تھا کہ جو سیاسی جماعتیں سینیٹ الیکشن میں پیسے کا استعمال کر رہی ہیں وہ قبل از انتخاب دھاندلی کی مرتکب ہو رہی ہے جس پر چیف الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس کو نوٹس لینا چاہیے تاکہ شفاف انتخابات کے ذریعے ایوان بالا کے وقار کو مزید بلند کیا جائے. خیال رہے کہ سنجیدہ حلقے بلوچستان میں ان ہاؤس تبدیلی اور کراچی میں ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کے تتربتر ہونے سے سینیٹ الیکشن میں اراکین اسمبلی کی وفاداری خریدنے کے لیے منڈی سجنے کا کے خدشے کا اظہار کررہیں.