خبرنامہ پاکستان

سینیٹ انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں کے باعث پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا، وزیراعظم

سینیٹ انتخابات میں

سینیٹ انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں کے باعث پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا، وزیراعظم

کراچی:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا۔ کراچی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بزنس کمیونٹی نے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے اور صنعتوں کو فروغ دینے میں بزنس کمیونٹی کا اہم کردار ہے اور حکومت مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے اور پاناما کی وجہ سے ملک کی معیشت متاثر ہوئی لیکن حکومت نے ملک کے انفراسٹرکچر کو بہتر کیا اور توانائی کے بحران پر قابو پایا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بھی درست سمت میں گامزن ہے، معیشت مضبوط ہو گی تو ملک بھی مضبوط ہو گا اور کوشش ہےکہ 6 فیصد ترقی کے ہدف کو حاصل کیا جائے۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال ہونے پر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے اور کراچی میں پی ایس ایل کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں کچھ سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا لیکن سیاسی جماعتوں کا یہ طرز عمل جمہوریت کے لئے درست ثابت نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت 31 مئی 2018 کو پوری کرے گی اور آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔
انتخابات میں ٹکٹ دینے کا فیصلہ (ن) لیگ کا پارلیمانی بورڈ کرتا ہے، وزیراعظم
قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انتخابات میں ٹکٹس دینے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کا پارلیمانی بورڈ کرتا ہے اور کوئی ایک فرد ٹکٹ دینے کا فیصلہ نہیں کرتا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ پارٹی کے خلاف بیان دینے والے چوہدری نثار علی مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایک فرد ٹکٹ دینے کا فیصلہ نہیں کرتا، پارٹی ٹکٹ دینے کا مجاز فورم مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران چوہدری نثار سےمتعلق پوچھے گئے سوال پر کہا تھا کہ چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔