خبرنامہ پاکستان

سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم

سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سینیٹ انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا۔ تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لئے چاروں صوبوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 فروری کو ہوگی اور امیدواروں کی حتمی فہرست 15 فروری کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدوار 16 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
سینیٹرز کی ریٹائرمنٹ:
یاد رہے کہ 11 مارچ کو 104 میں سے سینیٹ کے 52 ممبران ریٹائرڈ ہو رہے ہیں جن میں پنجاب اور سندھ سے 12،12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 سینیٹرز شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے 26 ممبران میں سے 18 سینیٹرز جبکہ مسلم لیگ (ن) کے 27 میں سے 9 سینیٹرز ریٹائر ہورہے ہیں۔ اسلام آباد سے 2 اور فاٹا سے بھی 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے جب کہ جے یو آئی (ف) کے 5 میں سے 3 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے 6 میں سے 5 سینیٹرز اور تحریک انصاف کا 7 میں سے ایک سینیٹر ریٹائر ہوگا جب کہ مسلم لیگ (ق) کےتمام 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔