خبرنامہ پاکستان

سینیٹ کی ذیلی کمیٹی میں سیکر ٹری پانی و بجلی گردشی قرضوں کے معاملے پر پھٹ پڑے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے سیکر ٹری یونس ڈھاگہ گردشی قرضوں پر پھٹ پڑے اور اسکا ذمہ دار نیشنل الیکٹرک ریگولیٹر ی اتھارٹی (نیپرا)کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا کے ٹیرف کی وجہ سے 150 ارب کی خرابی سرکلر ڈیٹ کی وجہ بنی،نیپرا کہتا ہے کہ وزارت ملک میں کیلیفورنیا جیسی بلنگ کرے جو ممکن نہیں، جب تک 100 فیصد ریکوری نہیں ہو گی ہم سرکلر ڈیٹ پر قابو نہیں پا سکتے،سرکلر ڈیٹ کی بڑی وجہ بلوچستان حکومت کی عدم ادائیگیاں ہیں صوبائی حکومت کے ذمہ 106 ارب کے واجبات ہیں، آئی پی پیز ایڈوائزی کونسل کے سرکلر ڈیٹ کے 414 ارب روپے کے اعدادو شمار غلط ہیں حقیقت میں گردشی قرضے393ارب ہیں۔کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں وزارت پانی و بجلی سے آئی پی پی پیز کے معاہدے ، نیپرا اور آ ئی پی پیز حکام کو طلب کر لیا ۔کمیٹی نے نندی پور منصوبے میں لیگل ایڈوائس دینے میں 4سال کی تاخیر پر اس وقت کے وفاقی وزیر قانون بابر اعوان اور سیکرٹری قانون کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا ۔جمعرات کو کمیٹی کا اجلاس کنونیئر سینیٹر نعمان وزیر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا،اجلاس میں کمیٹی ارکان سمیت سیکر ٹری وزارت پانی و بجلی یونس ڈھاگہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے گردشی قرضوں پر بحث کی گئی اس موقع پر وزارت پانی و بجلی کے سیکر ٹری یونس ڈھاگہ گردشی قرضوں پر پھٹ پڑے۔سیکر تڑی وزارت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ سرکلر ڈیٹ کا ذمہ دار نیپرا ہے،نیپرا کے ٹیرف کی وجہ سے 150 ارب کی خرابی سرکلر ڈیٹ کی وجہ بنی،نیپرا کہتا ہے کہ وزارت ملک میں کیلیفورنیا جیسی بلنگ کرے جو ممکن نہیں،جب تک 100 فیصد ریکوری نہیں ہو گی ہم سرکلر ڈیٹ پر قابو نہیں پا سکتے، ہمیں سبسڈی ،اعلان کردہ بجٹ اور ٹیرف اگر حقیقی معنوں میں دیا جائے تو گردشی قرضہ ختم ہو سکتا ہے، سرکلر ڈیٹ کی بڑی وجہ بلوچستان حکومت کی عدم ادائیگیاں بھی ہیں، سرکلر ڈیٹ میں 106 ارب وہ ہیں جو بلوچستان نے ادا کرنے ہیں، اس موقع پر کنونیئر نعمان وزیر نے کہا کہ آئی پی پیز ایڈوائزری کونسل کہتی ہے کہ سرکلر ڈیٹ 414 ارب کا ہو چکا ہے ،جس پر سیکریٹری پانی و بجلی نے کہا کہ ایڈوئزری کونسل کے اعدادوشما رجعلی ہیں ،ایڈوائزری کونسل کوئی اہمیت نہیں رکھتی ،ہمارا انفرادی طور پر سیلز پرچیز کا معاہدہ ہے، گردشی قرضہ 393 ارب ہے، دوسروں کے تخمینے غلط ہیں،کنونیئر کمیٹی نے کہا کہ آئی پی پیز کی طرف سے سرکلر ڈیٹ پر آنے والے اشتہارات سے وزارت کیساتھ ساتھ ملک کی بدنامی ہے، گردشی قرضے کے معاملے پر کون غلط بیانی کر رہا ہے، سب کچھ سامنے لائیں گے۔آئندہ اجلاس میں وزارت پانی و بجلی آئی پی پیز سے ہونے والے معاہدے پیش کرے،اس موقع پر کمیٹی نے سرکلر ڈیٹ کے معاملے پر آئی پی پیز اور نیپرا کو اگلے اجلاس میں طلب کر لیا ۔اجلاس میں نندی پور منصوبے کی تاخیر پر بھی بحث ہوئی۔کنونیئر کمیٹی سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ نندی پور منسوبے پر لیگل ایڈوائس دینے پر4سال لگائے گے منصوبے پر تاخیر سے113ارب روپے کا نقصان ہوا جس کی ذمہ داری اس وقت کے وزیر قانون اور سیکر ٹری قانون پر لاگو ہوتی ہے، نندی پور منصوبہ میں ہونے والی 4 سال کی تاخیر مجرمانہ ہے، جس کی وجہ سے لاگت میں اضافہ ہوا، اس وقت کے وزیر قانون بابر اعوان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ لیگل ایڈوا ئس پر 4 سال کیوں لگائے گے؟ نندی پور پاور پلانٹ کے لیے لیگل ایڈوائس پر چیف جسٹس کی مداخلت کے بعد 1 دن میں لیگل ایڈوائس دے دی گی،کمیٹی نے سینیٹر بابر اعوان اور اس وقت کے سیکرٹری قانون کو 20 تاریخ کو طلب کر لیا۔(رڈ)