خبرنامہ پاکستان

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کا اجلاس

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کا اجلاس جمعہ کو سینیٹر تاج حیدرکی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان سمیت وزارت پانی وبجلی اوردیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے تجویز دی کہ بجلی کی تقسیم کار کمپینوں کے سربراہان کو کمیٹی میں بلانے کی بجائے ویڈیو لنک کے ذریعہ ان سے بریفنگ لی جائے کیونکہ تقسیم کارکمپینوں کے سربراہان جب قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں آتے ہیں تو اس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچتا ہے اور وقت کا ضیاع بھی ہوتاہے۔ سینیٹر نعمان وزیر کی اس تجویز کو کمیٹی نے سراہا اور فیصلہ کیا کہ آئندہ ویڈیو لنک کے ذریعہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیئرمینوں سے بریفنگ لی جائے گی۔ وزارت پانی وبجلی نے کمیٹی کو بتایا کہ تقسیم کارکمپنیوں کے سربراہان سے وزارت بھی ویڈیو لنک کے ذریعہ بریفنگ لیتی ہے ۔ کمیٹی کے استفسار پر آئیسکو حکام نے کمیٹی کو گرمیوں میں کم وولٹیج کے معاملے کوحل کرنے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں آئیسکو نے منصوبہ بندی کرلی ہے جس کے تحت تمام ٹرانسفامرز کو ایل ٹی سے ایچ ٹی پر منتقل کیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو آئیسکو نے کمیٹی کو بتایا کہ 2018ء تک ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے ۔کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ نومبر تک ملک بھرمیں بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف 2083 ایف آئی ار درج کرائی گئی ہیں ، آئیسکو نے 480اورفیسکو نے 422 ایف آئی آرزدرج کرائی ہیں۔ کمیٹی نے نندی پور، نیلم جہلم اورساہیوال منصوبوں پر اخراجات کے حوالے سے نعمان وزیر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ، غوث محمد نیازی اورنثارمحمد کمیٹی کے رکن ہونگے جو اس معاملے پر رپورٹ مرتب کرکے کمیٹی کو پیش کریں گے۔