خبرنامہ پاکستان

سینیٹ کے زیرانتظام پارلیمنٹ ہاؤس میں ’’سلامی کے چبوترے‘‘ کا افتتاح کیا جائے گا

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ہاؤس آف فیڈریشن (سینیٹ) کے زیرانتظام کل (جمعرات) کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ’’سلامی کے چبوترے‘‘ کا افتتاح کیا جائے گا،سینیٹ کے 6سیکیورٹی اسٹنٹس پر مشتمل سلامتی کے دستہ کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے،سلامتی کا یہ چبوترہ ایک وسیع خوبصورت فوارہ کے ساتھ منسلک ہے۔افتتاحی تقریب میں چینی سفیر کی شرکت بھی متوقع ہے،چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی مہمان خصوصی ہونگے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہاؤس آف فیڈریشن (سینیٹ)کے زیرانتطام بھی ’’ سلامی کا دستہ‘‘ تیار کرلیا گیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے خصوصی اقدام کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کے وسیع سبزہ زار میں سلامی کا یہ چبوترہ تعمیر کروایا ہے،ایک خوبصورت بڑا فوارا بنایا گیا ہے،تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے،چیئرمین سینیٹ چینی سفارتخانے کے مہمانوں کے ہمراہ پارلیمنٹ میں تعمیر سلامی کا چبوترہ و فوارا کا افتتاح کریں گے،پہلی سلامی چیئرمین سینیٹ اور چینی مہمانوں کو دی جائے گی،تقریب کل پارلیمنٹ ہاؤس کے وسیع سبزہ زار میں ہوگی۔ذرائع کے مطابق مستقبل میں سینیٹ کے دورہ کیلئے آنے والی اہم شخصیات اور اعلیٰ سطح کے غیرملکی پارلیمانی وفود بالخصوص باہر سے آنے والے مختلف ایوانوں کے سربراہان کو یہاں باقاعدہ طور پر سلامی پیش کی جائے گی،پارلیمنٹ ہاؤس کے اس مقام پر یوم آزادی،23مارچ،یوم پاکستان و دیگر قومی تہوار کے موقع پر بھی تقریبات ہوسکیں گی،سینیٹ کے 6سیکیورٹی جوانوں پر مشتمل سلامی کا دستہ تیار کرلیا گیا ہے،یہ دستہ پھولوں کے ساتھ مہمانوں کا استقبال کرے گا۔۔۔۔(خ م+اع)