خبرنامہ پاکستان

سیکرٹری ایوی ایشن نے میتیں اپنی نگرانی میں پمز منتقل کروائیں

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی)پی آئی اے کے مسافر طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 23 افراد کی نعشیں پاک فوج کے 3 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ایبٹ آباد سے اسلام آباد منتقل کردیں گئیں۔وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری ‘چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل ‘سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہی ‘سی ای او پی آئی اے برنڈ ہلمنڈ برنڈ سمیت دیگر حکام نے ایبٹ آباد سے تین ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لائی گئیں میتیں اپنی نگرانی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) میں منتقل کروائیں ۔ ہسپتال میں جاں بحق افراد کے لواحقین بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ پمز انفارمیشن ڈیسک پر پی آئی اے کا عملہ کام کرے گا۔جمعرات کو وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، میتوں کی حوالگی کے عمل کیلئے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے، جو لاشیں ناقابل شناخت ہونگی ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔