خبرنامہ پاکستان

سیکرٹری خارجہ نےعرب ممالک کوڈرون حملےبارےاعتماد میں لیا

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان نے 22مئی کو بلوچستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے پر وسط ایشیائی اور عرب ممالک کے سفیروں کو بھی اعتماد میں لیتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ امریکی ڈرون حملے سے ریڈ لائن عبور کی گئی‘ یہ حملہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہے‘ امریکی ڈرون حملے سے افغان مفاہمتی عمل کو نقصان پہنچے گا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے وسط ایشیائی اور عرب ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے وسط ایشیائی اور عرب ملکوں کے سفیروں کو22مئی کو بلوچستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاکستان کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ میزائل حملے نے چار فریقی رابطہ گروپ کی کوششوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ بلوچستان میزائل حملے سے افغان امن عمل کو شدید نقصان پہنچے گا۔ میزائل حملہ کرکے ریڈ لائن عبور کی گئی۔ دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سیکرٹری خارجہ کی غیر ملکی سفیروں سے ملاقات معمول کی بات ہے۔ امریکی سفیر سے ملاقات میں بلوچستان میں ڈرون حملے سے متعلق بات کی گئی تھی۔ امریکی سفیر کو بتایا گیا تھا کہ ڈرون حملے سے افغان مفاہمتی عمل کو نقصان پہنچے گا۔ (ن غ)