خبرنامہ پاکستان

سی این جی کی قیمت ڈی ریگولیٹ کرنے کا خیر مقدم

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین غیاث عبداللہ پراچہ نے حکومت کی جانب سے سندھ اور خبیر پختونخواہ میں سی این جی کی قیمت ڈی ریگولیٹ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بیمار صنعت دوبارہ توانا ہو جائے گا جبکہ چار سو پچاس ارب روپے کی انڈسٹری میں مزید سرمایہ کاری ہو گی۔غیاث پراچہ نے ایک بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت نے پنجاب میں سی این جی کی قیمت ڈی ریگولیٹ کرنے کے بعد سندھ اور خبیر پختونخواہ میں بھی اس ایندھن کی قیمت ڈی ریگولیٹ کر دی ہے ۔اب گیس اور بجلی کی قیمت اور ٹیکس کا تعین حکومت کرے گی جبکہ قیمت سی این جی مالکان طے کریں گے۔اس فیصلہ سے سی این جی کے شعبہ میں صحت مند مسابقت جنم لیگی جس سے سروس کا معیار بہتر ہو گا اور صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔انھوں نے کہا کہ اب سی این جی مالکان کوایندھن کی قیمت کیلئے اوگرا کے احکامات کا انتظار نہیں کرنا پڑے گاجبکہ چار سال سے مختلف عدالتوں میں زیر التوا بہت سے مقدمات حل اور عدالتی جنگ ختم ہو جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد سی این جی سٹیشنز پر ہر وقت گیس دستیاب ہو گی جس سے شہروں میں بڑھتی ہوئی آلودگی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔