خبرنامہ پاکستان

سی پیک، ریلوے اپ گریڈیشن منصوبہ رواں سال شروع ہوگا

اسلام آباد(ملت آن لائن) چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت 8.2ارب ڈالر سے پاکستان ریلوے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ رواں سال شروع کیا جائے گا جس کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر لی گئی ہے۔ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن پر 3 مرحلوں میں عملد ر آمد کیا جائے گا۔
ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت کراچی، کوٹری، حید ر آباد میں 163کلومیٹر نئی ریلوے لائن کی تعمیر کی بھی تجاویز زیر غور ہیں۔ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے تحت ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے سہولتوں کی فراہمی میں اضافہ اور مسافر ٹرین کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹے تک پہنچ جائے گی جس سے شہریوں کو تیز رفتار ریلوے کی سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ تفصیلات کے مطابق چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت ایم ایل ون اپ گریڈیشن کا منصوبہ ریلوے کی بحالی کے لیے ایک بڑا اقدام ہے۔ پاکستان ریلوے کا 80فیصد سے زائد ریونیو ایم ایل ون کے ٹرین آپریشن سے حاصل ہو تا ہے۔ ایم ایل ون کے 1872کلومیٹر ٹریک کی اپ گریڈیشن 3 مراحل میںمکمل ہو گی۔ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کا پہلا اور دوسرا مرحلہ اگلے 4 سے 5 سال میں مکمل ہو گا۔ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر لی گئی ہے۔
جس کے تحت کراچی تا پشاور، حیدر آباد، سکھر، ملتان، لاہور اور راولپنڈی پر مشتمل ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے پہلے مرحلے میں ملتان لاہور 334 کلومیٹر سیکشن کی اپ گریڈیشن اور دونوں ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے سہولتیں بڑھائی جائیں گی۔ حید ر آباد ملتان 748کلومیٹر، کمیاڑی حید ر آباد سیکشن 182کلومیٹر کی اپ گریڈیشن اور کراچی کنٹونمنٹ اسٹیشن پر مسافروںکے لیے سہولتیں بھی بڑھائی جائیں گی۔ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے پہلے مرحلے میں پشاور تا راولپنڈی 159کلومیٹر ٹریک کو بھی ڈبل کیا جائے گا۔ والٹن ریلوے اکیڈمی لاہور کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے دوسرے مرحلے میں حویلیاں تا ٹیکسلا 55کلومیٹر ٹریک، لاہور تالالہ موسیٰ سیکشن 132کلومیٹر، راولپنڈ ی تا لالہ موسی سیکشن 170کلومیٹر کی اپ گریڈیشن اور ٹریک کو ڈبل کیا جائے گا۔
فیز ٹو میں ہی کراچی کوٹری حید ر آباد کے درمیان163کلومیٹر نئی ریلوے لائن کی تعمیر کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ منصوبے کے تیسرے مرحلے (فیز تھری) میں پاکستان ریلوے کی جانب سے پاکستان والٹن اکیڈمی لودھراں، خانیوال سیکشن 91کلومیٹر کی اپ گریڈیشن اور الیکٹری فکیشن کی تکمیل بھی کی جائے گی۔ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن سے ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں سالانہ 5فیصد اضافہ ہوگا اور 2021 تک ایم ایل ون پر مسافروں کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 7 کروڑ 54 لاکھ سے بڑھ جائے گی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے جہاں مسافروں کو سستی اور تیز رفتار سفری سہولتیں میسر آئیں گی وہیں بڑی تعداد میں نوکریاں بھی پیدا ہوں گی۔