خبرنامہ پاکستان

سی پیک بلوچستان کیلئےبالخصوص گیم چینجرہوگا، میرحاصل

گوادر :(اے پی پی) وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہیں میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے بالعموم اور بلوچستان کیلئے بالخصوص گیم چینجر ہو گا، بلوچ عوام نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کیا ہے، بلوچستان کے عوام علاقے میں ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں مختلف منصوبوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح تاریخی حیثیت رکھتا ہے، گوادر پورٹ وزیراعظم محمد نوازشریف کے وژن کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو یقین ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کیلئے بالعموم اور بلوچستان کیلئے بالخصوص گیم چینجر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کیا۔ بلوچستان کے عوام علاقے میں ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ اقتصادی راہداری بلوچ عوام کا مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر چار بڑے ٹاؤنز پر مشتمل ہے، آمریت کے دور میں قومی مفاد کو ہمیشہ نقصان پہنچایا گیا۔ درحقیقت گوادر ہی اقتصادی راہداری ہے اور اقتصادی راہداری ہی گوادر ہے۔