خبرنامہ پاکستان

سی پیک: سرمایہ کاری بورڈ اسلام آباد میں سیل قائم

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق امور میں معاونت کے لئے سرمایہ کاری بورڈ اسلام آباد میں ایک سیل قائم کیا ہے۔ملک بھر میں اب تک 41 خصوصی اقتصادی زونز کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے ایک ایک گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں شامل ہیں۔سندھ میں خیرپور خصوصی اقتصادی زون، کورنگی کریک انڈسٹریل پارک اور بن قاسم انڈسٹریل پارک ، پنجاب میں قائداعظم اپیرل پارک شیخوپورہ ، ایم تھری انڈسٹریل سٹی فیصل آباد، ویلوایڈڈ سٹی فیصل آباد اور خیبرپختونخوا میں حطار اقتصادی زون ہری پور شامل ہیں۔جمعہ کو وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ چھٹی جے سی سی اجلاس میں پاک چین صنعتی تعاون کے شعبے میں کام مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پاک چین صنعتی تعاون کے تحت صوبوں کی جانب سے منتخب9 زونز کی شمولیت کا فیصلہ ہوا ،اس مقصد کیلئے صوبوں نے مختلف مقامات کی نشاندہی کی تھی جن میں خیبر پختونخوا کی جانب سے رشکئی اکنامک زون اور سندھ کی جانب سے چائنہ اکنامک زون داریجی، بلوچستان کی جانب سے بوستان اکنامک زون اورپنجاب کی جانب سے چائنہ اکنامک زون شیخوپورہ، گلگت بلتستان کی جانب سے مقپونداس گلگت جبکہ کشمیر کی جانب سے بھمبر صنعتی زون کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی تھی،دارالحکومت اسلام آباد میں آئی سی ٹی ماڈل انڈسٹریل زون اورپورٹ قاسم میں پاکستان سٹیل میل کی اراضی پرانڈسٹریل پارک بنانے جبکہ فاٹا کی جانب سے مومند ماربل انڈسٹریل زون بنانیں جائیں گے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین کے تعاون سے پاکستان میں صنعتی زونز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر فری زون و پورٹ ڈیویلپمنٹ کے مختلف منصوبوں اور گوادر ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے تعمیراتی کام کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جہاں سٹیل ، پٹروکیمیکلز و دیگر صنعتوں کے قیام پر کام شروع ہوگیا ہے۔