خبرنامہ پاکستان

سی پیک سے آموں کی برآمدات کے نئے مواقع پیدا ہونگے، صدر مینگوگروورز ایسوسی ایشن

ملتان (ملت + اے پی پی) مینگوگروورز ایسوسی ایشن کے صدر میجر (ر) طارق نے کسانوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے آموں کے باغات پر بھرپورتوجہ دیں کیونکہ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے آموں کی برآمدات کیلئے وسیع مواقع پیدا ہونگے،پاکستانی کسانوں اور ایکسپورٹرز کو چین میں آم کی نئی منڈیاں ملیں گی،چین کے مختلف ماہرین جنوبی پنجاب میں آموں کے باغات کادورہ کررہے ہیں،کسانوں کوچاہیے کہ اپنے باغات کوبھرپور انداز میں دیکھ بھال کریں،انہوں نے کہاکہ آموں کے بڑے کسانوں نے اگرچہ آم کی ویلیوایڈیشن کیلئے اپنے باغات میں پراسسنگ پلانٹ لگائے ہوئے ہیں تاہم چھوٹے کسانوں کیلئے اپنے طورپر ویلیو ایڈیشن کرنا مشکل ہے،لہذا انہیں چاہیے کہ وہ اپنا کلسٹر بنا کرویلیو ایڈیشن کریں تاکہ بہتر معاوضہ حاصل کرسکیں۔میجر(ر)طارق نے بتایا کہ ملتان میں اس وقت 80ہزار ایکڑ پر آموں کے باغات ہیں اور 15ہزارکسان براہ راست آموں کی فصل سے منسلک ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال آموں کی بھرپور پیداوار ہوئی تھی تاہم اس سال شاید پیداوار نسبتاً کم ہو۔انہوں نے بتایا کہ یہ ایک قدرتی امر ہے کہ اگرایک سال فصل بہت زیادہ ہو تواگلے سال فصل عموماً کم ہوتی ہے۔ان کامزید کہناتھا کہ سندھ میں سندھڑی کی پیداواراچھی جارہی ہے ۔امید ہے کہ اس بارکسانوں کواچھا معاوضہ ملے گا۔