خبرنامہ پاکستان

سی پیک سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) چین کے وزیر اطلاعات جیانگ چئن گو نے کہا ہے کہ سی پیک سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی،دونوں ممالک کی کوششوں سے نہ صرف پاکستانی و چینی عوام خوشحال ہوگی بلکہ پورا خطہ ترقی کرے گا،پاکستان اور چین کا مستقبل مشترکہ اور روشن ہے،دونوں کے مابین خصوصی تعلقات ہیں،پاک چین دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے صدر شی کی یہ کتاب پاک چین دوستی کی ایک نئی مثال ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر اطلاعات جیانگ چئن گو نے چین کے صدرشی چن پھنگ کی کتاب کے اردوایڈیشن”چین کی طرز حکمرانی” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا مستقبل مشترکہ اور روشن ہے۔صدر شی نے ترقی کا نظریہ دیا ہے اور چین اس نظریے کو دوسروں کے ساتھ بانٹنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی کی کتاب کے ارود ایڈیشن کی تقریب رونمائی ایک اچھا اقدام ہے ،کتابوں کی اشاعت سے عوامی رابطوں اور ادبی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں اور پاک چین دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے70 ویں یوم آزادی کے موقع پر میرا دورہ قابل اعزاز ہے ۔ اور اس سال چین کے فوجی دستے نے بھی پاکستان ڈے کی پریڈ میں حصہ لیا جو کہ دونوں ممالک کی پائیدار ہوتی دوستی کا ثبوت ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پیک سے یہ دوستی اور مضبوط ہوگی۔دونوں ممالک کی کوششوں سے نہ صرف پاکستانی و چینی عوام خوشحال ہوگی بلکہ پرا خطہ ترقی کرے گا ۔ انہوں نے کہا صدر شی کے نظریے کے مطابق چین اور پاکستان کی عوام انسانیت کی فلاح کے لئے مل کر کام کرسکتے ہیں۔پاکستان میں متعین چین کے سفیر سن وے دنگ نے کہا کہ صدر شی کی یہ کتاب پاک چین دوستی کی ایک نئی مثال ہے، اس کتاب کے ذریعے پاکستانی عوام چین کو بہتر طریقے سے جان سکیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر شی نے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے صرف چار سال میں نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔چین کی حکومت اور عوام پاکستان کے ایشین ٹائیگر بننے کے خواب کی حمائت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا مشترکہ لائحہ عمل ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ کے ذریعے جوڑا جائے۔دونوں ممالک کی حکومتیں عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سی پیک کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اور چین کے انمول تعلقات ہیں اور یہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پھنگ اور میاں نواز شریف کا ترقی کے حوالے کے نظریہ ایک ہے، دونوں لیڈر اپنے عوام اور خطے کی ترقی چاہتے ہیں ۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ سی پیک منصوبہ چین کے صدر کی جانب سے پاکستان کی عوام کے لئے ایک تحفہ اور ان کے اعتماد کا مظہر ہے ۔